منشیات کی روک تھام کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں

   

ورنگل میں سائیکلنگ پروگرام کا انعقاد، ریاستی وزیر ای دیاکرراؤ اور دیگر کا خطاب

ورنگل۔ریاستی وزیر پنچایت راج ایرابلی دیاکر راؤ نے ورنگل پولیس کمشنریٹ کے زیر اہتمام سائیکلو تھین پروگرام 2022 ایک سائیکلنگ مقابلہ کے انعقاد کے موقع پر حصہ لیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی بہتر صحت کیلئے سائیکل چلانا انتہائی ضروری ہے۔ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ورنگل کمشنریٹ آف پولیس کی جانب سے سائکلو تھین مقابلوں میں 25 کیلو میٹر پل ریس، 15 کیلو میٹر فن ریس ،5 کیلو میٹر ریس کا پولیس کمشنریٹ سے آغاز ہوا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر دیاکر راؤ، گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر، گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن میئر جی سدھا رانی، ورنگل کلکٹر گوپی، میونسپل کمشنر پراوینیا، بین الاقوامی سائیکلسٹ راہول مشرا، بالی ووڈ اداکار نکول روشن ، ٹیبل ٹینس کھلاڑی نینا جیسوال و دیگر شریک تھے۔ ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہوتے ہیں ان کو اپنی صحت کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان مرد و خواتین سے کہا کہ منشیات کی روک تھام کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف پولیس میں شکایت درج کریں۔اس طرح کی اطلاعات فراہم کرنے سے نوجوانوں میں منشیات کا استعمال بند ہوگا اور اسملنگ کرنے والوں کو سخت سزا کا ڈر بھی رہتا ہے۔ ورنگل پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی نے کہا کہ سائیکلو تھین پروگرام عوام میں منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے بارے میں بیداری پیدا کرے گا اور نوجوانوں کو معلوم ہوتا کہ سائیکلنگ کس طرح اچھی صحت کیلئے بہتر ہوگی۔ کمشنر نے اس موقع پر تمام شرکاء سے عہد لیا کہ منشیات کا نہ ہی استعمال کریں اور نہ کسی کو کرنے دیں گے۔ سائیکلنگ مقابلوں کے بعد فاتحین میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ڈی سی پی اشوک کمار ، وینکٹا لکشمی کے علاوہ اے سی پی، سرکل انسپکٹرس، آر آئیز، سب انسپکٹرس، دیگر پولیس عہدیداروں کے علاوہ نوجوان مرد و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔