منموہن سنگھ نے راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے حلف لیا

   

نئی دہلی 23 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج راجیہ سبھا کے رکن کی حیثیت سے اپنی چھٹی معیاد کا حلف لیا ۔ راجیہ سبھا کے صدر نشین ایم وینکیا نائیڈو نے 86 سالہ منموہن سنگھ کو اپنے چیمبر میںحلف دلایا ۔ قائد ایوان تھاور چند گہلوٹ ‘ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد ‘ راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما اور احمد پٹیل نے بھی حلف برداری میں شرکت کی ۔ راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ اور ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ کے علاوہ کچھ دوسرے قائدین بھی اس موقع پر موجد تھے ۔ وینکیا نائیڈو نے بعد ازاں ٹوئیٹ کیا کہ انہوں نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے اپنے چیمبر میں حلف دلایا ہے ۔ انہوں نے منموہن سنگھ کی حلف برداری کی تصاویر بھی پیش کیں جن میں ڈاکٹر سنگھ کی شریک حیات گرشرن کور بھی موجود ہیں۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو راجیہ سبھا کیلئے راجستھان سے منتخب ہوا ہے جس کیلئے 19 اگسٹ کو ضمنی انتخاب ہوا تھا ۔