منوج سنہا کی جانب سے راحتی اقدامات کا اعلان

   

سری نگر۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کورونا سے فوت ہونے والوں کے لواحقین اور اس وبا سے بے روز گار ہونے والے مزدروں کی بہبودی کے لئے مختلف راحتی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبا کو شکست دینا فی الوقت ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان بچوں، جن کے والدین کورونا سے فوت ہوئے ہیں، کو خصوصی اسکالر شپ فراہم کرے گی اور جن سینئر شہریوں کے کنبوں کے واحد کمانے والوں کی کورونا سے موت واقع ہوئی، کو تا حیات پنشن فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں حکومت کورونا وبا سے بے روز گار ہونے والے مزدوروں کو ایک ہزار روپیہ ماہانہ امداد فراہم کرے گی۔ ان راحتی اقدامات کا اعلان لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کو شکست دینا فی الوقت ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے میں لوگوں سے تاکید کرتا ہوں کہ وہ کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کے ساتھ ساتھ کورونا ویکسین بھی لگوائیں۔ موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے ان لوگوں جن کے کسی قریبی عزیز کی بدقسمتی سے کورونا سے موت واقع ہوئی ہے ، کے لئے متعدد اقدام کئے ہیں۔ ان سینئر شہریوں جن کے کنبوں کے واحد کمانے والے اس وبا سے فوت ہوئے ، کو تاحیات پنشن فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ویلفیئر اسکیموں جیسے بزرگوں کو پنشن، لاڈلی بیٹی، پی ایم اے وائی اور منریگا اور دوسری اسکیموں کے لئے بہت جلد قسط واگذار کی جائے گی۔ موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت موجودہ مشکل حالات میں اولڈ ایج ہومز اور یتیم خانوں کو امدام فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا سے بے روز گار ہونے والے تمام جسٹرڈ مزدروں، گھوڑے والوں، پالکی والوں وغیر کو ایک ہزار روپیہ فی ماہ امداد فراہم کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔