منگولیا کے صدر کی کل ہندوستان آمدث

   

یولان باتر ؍ نئی دہلی ۔ 11 اکتوبر (یو این آئی) منگولیا کے صدر کھوریلسکھ اوکھنا پیر کے روز ہندوستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر آئیں گے ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی دعوت پر آنے والے کھوریلسکھ اوکھنا کے ہمراہ کابینہ کے وزراء، ارکان پارلیمنٹ، سینئر عہدیداروں، صنعت کاروں اور ثقافتی نمائندوں کا اعلیٰ سطحی وفد بھی آئے گا۔ وزارت خارجہ نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ صدر کھوریلسکھ اوکھنا کا منگولیا کے سربراہ کی حیثیت سے ہندوستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اوکھنا محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے ، جن کی طرف سے ان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا جائے گا۔ منگولیا کے صدر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے ۔ہندوستان کے دورے پر آنے والے معزز مہمان صدر سے نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی ملاقات بھی متوقع ہے ۔ یہ سرکاری دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر ہورہا ہے ۔ اس دورے میں منگولیا۔انڈیا بزنس فورم کی میٹنگ ’’خوبصورت ملک منگولیا‘‘ کے عنوان سے ایک ثقافتی پروگرام، فنون لطیفہ کی نمائش، اور مورین کھوور کی نمائش بھی شامل ہوگی۔ وزیر اعظم مودی نے 2015 میں منگولیا کا سرکاری دورہ کیا تھا، اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر لے جایا گیا تھا۔ ہندوستان اور منگولیا کے درمیان سفارتی تعلقات 1955 میں قائم ہوئے تھے ۔ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران، دونوں ممالک نے مشترکہ ثقافتی اور روحانی تعلقات اور جمہوری اقدار پر مبنی قریبی اور کثیر جہتی شراکت داری قائم کی ہے ۔ یہ شراکت داری دفاع اور سلامتی، پارلیمانی تبادلے ، ترقیاتی شراکت داری، توانائی، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت کی نگہداشت اور ثقافتی تعاون جیسے شعبوں پر محیط ہے ۔ ہندوستان اور منگولیا اسٹریٹجک شراکت دار اور روحانی پڑوسی ہیں۔ اس دورہ سے ہندوستان اور منگولیا کی قیادت کو دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لینے ، اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم ہوگا۔