کیپ ٹاؤن ۔ پاکستانی کرکٹر منیبہ علی نے تاریخ رقم کردی، ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز اور ویمنز ورلڈکپ میں پاکستان کی طرف سے سنچری اسکور کرنے والی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔آئرلینڈ ویمن ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2023 کے گروپ میچ میں منیبہ نے رنزکے انبار لگادیے۔ منیبہ نے تاریخی اننگز کھیلتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سنچری بناڈالی۔ انہوں نے 68 گیندوں پر102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ منیبہ علی کی سنچری کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کی جانب سے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی پہلی سنچری ہے۔ اسی طرح منیبہ علی کی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں یہ پانچویں سب سے بڑی اننگز بھی رہی۔ اس شاندار اننگز کی بدولت آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے آئر لینڈ کے خلاف 70 رنز سے فتح حاصل کرکے ایونٹ میں اپنی جیت کا کھاتہ کھول لیا۔ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں ٹیم نے آئرلینڈ کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم 95 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی نشرا سندھو نے4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی ٹیم کی وکٹ کیپر اوپنر منیبہ علی ویمنز کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والی پہلی بیٹر بن گئیں۔ منیبہ نے نہ صرف 102 رنز کی اننگز کھیلی بلکہ وہ اس ورلڈ کپ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والی پلیئر بھی بن گئی ہیں۔کیپ ٹاون میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان ٹیم نے 5 وکٹ پر 165 رنز اسکور کیے تھے، منیبہ نے 68 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے، جبکہ ندا ڈار 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔آئرلینڈ کی جانب سے آرلین کیلی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔