منی پور میں خواتین کے ساتھ بربریت کےملزم گرفتار:آر کے رنجن سنگھ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: اندرون منی پور لوک سبھا سیٹ سے ممبر پارلیمنٹ اور امور خارجہ کے وزیر مملکت راج کمار رنجن سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ ریاست میں دو خواتین کے ساتھ بربریت کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر سنگھ نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ مجرم پکڑے گئے ہیں۔ منی پور میں دو خواتین کی برہنہ پریڈ اور ان کے ساتھ بربریت کے واقعہ سے متعلق ایک سوال پر سنگھ نے کہاکہ یہ واقعہ بہت افسوسناک ہے ۔ ملزمان پکڑے جاچکے ہیں۔ سنگھ نے ان کا گھر جلائے جانے کے واقعہ پرکہاکہ بھیڑ تو بھیڑ ہے ، اس کا کیا کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ منی پور میں دو کوکی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دل دہلادینے والے اس حادثہ کا پتہ چلا۔ منی پور میں تقریباً ڈیڑھ ماہ سے ذات پات کے تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں۔ ریاست میں گھر جلانے اور پرتشدد واقعات میں بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے ہیں۔ پرتشدد واقعات کے درمیان ہجوم نے سنگھ کے گھر کو بھی جلا دیا تھا۔