آدی واسی خواتین کی ستائش، آراکو کافی کی بھی تعریف کی
حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ’من کی بات‘ پروگرام میں عادل آباد سے تعلق رکھنے والی آدی واسی خواتین کی جانب سے تیار کی جانے والی مہوا کوکیز (دال کے لڈو) کا تذکرہ کرتے ہوئے ستائش کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ آدی واسی خواتین کی جانب سے تیار کی جانے والی مہوا کوکیز کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں 2 آدی واسی خواتین کی جانب سے یہ لڈو تیار کئے جاتے ہیں۔ لڈو کی تیاری میں مختلف اجزاء کا استعمال ہوتا ہے جس سے وہ کافی لذیذ بن جاتا ہے۔ عوام انھیں کافی پسند کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ آدی واسی خواتین نے اپنی روایتی تہذیب کو برقرار رکھتے ہوئے یہ منفرد لڈو کی تیاری کا کام شروع کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آندھراپردیش کے آراکو ویلی کی مشہور کافی کا بھی ’من کی بات‘ پروگرام میں تذکرہ کیا۔ نریندر مودی نے کہاکہ آراکو کی کافی ملک بھر میں اپنی شناخت رکھتی ہے۔ یہ آندھراپردیش کے کسانوں کی محنت کا ایک ثبوت ہے۔ بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی قائدین نے من کی بات پروگرام کی سماعت کا اہتمام کیا تھا۔ اکٹوبر 2014 ء سے نریندر مودی نے اِس پروگرام کا آغاز کیا ہے۔1