موبائیل فون سرقہ کی کوشش ناکام تین رہزن گرفتار

   

حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) سیف آباد پولیس نے موبائیل فون کی رہزنی کی ناکام کوشش کرنے والے 3 رہزنوں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اولڈ سی آئی بی کوارٹرس خیریت آباد کے ساکن نوین جو ایچ ڈی ایف سی بینک کا ملازم ہے آج خیریت آباد علاقہ سے فون پر بات کرتے ہوئے پیدل جارہا تھا کہ موٹر سیکل پر سوار تین رہزنوں نے اس کا موبائیل فون چھیننے کی کوشش کی۔ نوین بروقت چوکسی اختیار کرتے ہوئے رہزنوں کی اس کوشش کو ناکام بنادیا اور چیخ و پکار شروع کردیا جس کے نتیجہ میں مقامی عوام نے رہزنوں کی موٹر سیکل کا نمبر نوٹ کرتے ہوئے اسے فوری پولیس کنٹرول روم 100کو آگاہ کیا۔ سیف آباد پولیس کی پٹرولنگ پارٹی نے رہزنوں کو اسی علاقہ میں حراست میں لے لیا اور انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔