واشنگٹن : وزیراعظم نریندر مودی امریکہ کے دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے آج امریکی کمپنیوں کے چیف ایکزیکٹیو آفیسرس کے ساتھ ہندوستان میں سرمایہ کاری و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن سے ملاقات کی ۔ دونوں قائدین کے درمیان تجارت ، دفاع اور صاف توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم مودی امریکہ کے 3 روزہ دورہ پر ہیں جہاں وہ /23 ستمبر کو امریکی نائب صدر کملا ہیرس سے ملاقات کریں گے جبکہ امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کے علاوہ تاریخی کوواڈ چوٹی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ ہفتہ کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کیلئے وہ نیویارک جائیں گے ۔