بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لیے بھی وزیراعظم کی مساعی ، کشن ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : مرکزی مملکتی وزیر داخلہ امور جی کشن ریڈی نے کہا کہ ایسے وقت جب کہ دنیا کو معاشی بحران کا سامنا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے زیر قیادت حکومت ہندوستان کو معاشی بحران پر پہنچنے سے بچانے کے لیے سخت کام کررہی ہے اور اس نے ہندوستان کو 5 ٹریلین کی معیشت بنانے کا تہیہ کیا ہے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت ہندوستان میں معاشی بحران کو روکنے کے لیے سخت کام کررہی ہے ۔ جس سے ان دنوں دنیا کو سامنا ہے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ پانچ سال میں مرکزی حکومت نے ہندوستان کو بدعنوانیوں اور کرپشن سے پاک کرنے کے لیے کافی کام کیا ہے اور تمام اسکامس کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ وزیراعظم بیرونی سرمایہ کاری کو ملک میں لانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی کوشش کررہے ہیں ۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ قبل ازیں برقی کی قلت تھی جس کی وجہ زراعت ، صنعت متاثر ہوئی اور گھریلو ضرورت پوری نہیں ہوتی تھی لیکن مودی حکومت نے برقی کے مسئلہ کو حل کیا جو اب زراعت ، صنعت اور گھریلو مقاصد کے لیے دستیاب ہے ۔۔