مودی قیادت میں ہندوستان محفوظ: بی جے پی ، فضائیہ کو کانگریس کی مبارکباد

   

پاکستان میں جیش محمد کے دہشت گرد ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی ستائش ، سیاسی جماعتوں کا ردعمل

نئی دہلی ۔26 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں جیش محمد کے دہشت گرد کیمپوں پر آج ہندوستان کے فضائی حملوں کی مختلف سیاسی جماعتوں نے ستائش کی ہے اور بی جے پی نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی فیصلہ کن اور طاقتور قیادت کے ہاتھوں میں ملک محفوظ ہے اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے انڈین ایرفورس اس کی کارروائی پر مبارکباد دی ۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے ادعاء کیاکہ اس کارروائی سے ظاہر ہوگیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی طاقتور اور فیصلہ کن قیادت میں ملک محفوظ ہے اور پاکستان میں دہشت گرد کیمپوں پر انڈین ایرفورس کے حملوں سے نئے ہندوستان کے عزم اور طاقتور خود ارادی نے اس کا واضح طورپر اظہار ہوگیا ہے ۔ امیت شاہ نے کہاکہ ’’میں اپنے مسلح افوج کی جرأت و بہادری کو سلام کرتا ہوں ۔ ہمارا نیا ہندوستان دہشت گردی کے کسی اقدام اور اس کے سازشیوں اور سرپرستوں کو نہیں بخشے گا ‘‘ ۔ اپوزیشن قائدین نے بھی انڈین ایرفورس کی جرأت و بہادری کی بھرپور ستائش کی ہے ۔ انڈین ایرفورس کی ستائش کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’انڈین ایرفورس کے پائلیٹس کو سلام کرتا ہوں ۔ کانگریس نے بھی ہندوستانیوں کو محفوظ رکھنے کی مسلسل اور پرعزم مساعی میں انڈین ایرفورسس کے رول کی ستائش کی ۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر رام مادھو نے کہاکہ ’’ہر وہ ہندوستانی جس کو ہمارے فورسیس کی شہادت پر دکھ درد تھا اُس کو آج صبح بے پناہ خوشی اور بڑی راحت محسوس ہوئی ہے ‘‘ ۔ انھوں نے مزید کہاکہ ’’اس اہم و نازک کارروائی پر ایرفورس کو سلام کرتا ہوں۔

ہماری فورسیس عالمی معیار کے حامل ہیں ۔ بہرحال یہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم کا سیاسی عزم و قوت ارادی ہے جس نے یہ کر دکھایا ہے ‘‘ ۔ بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر جاؤڈیکر نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ہندوستان کے عوام اس موقع پر اپنے مسلح افوج کے ساتھ ہیں۔ مودی کی قیادت پر عوام کو بھروسہ ہے۔ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’انڈین ایرفورس کا ایک مطلب ہندوستان کے حیرت انگیز جنگجو بھی ہے … جئے ہند ‘‘ ۔ بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے انڈین ایرفورس کی ستائش کرتے ہوئے لکھا کہ مودی حکومت کی طرف سے مسلح افواج کو اگر پہلے ہی آزادانہ طورپر قدم اُٹھانے کا موقع دیا جاتا تو پلوامہ ، پٹھان کوٹ اور اُڑی جیسے واقعات سے گریز کیا جاسکتا تھا ۔ پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ نے کہاکہ انڈین ایرفورس نے عظیم کارنامہ انجام دیا ہے ۔ انڈین ایرفورس کے حملوں نے پاکستان اور وہاں موجود دہشت گروں کو شدت سے مطلوب پیغام پہونچادیا ہے کہ پلوامہ جیسے حملوں کے بعد وہ خود کو بچاکر فرار نہیں ہوسکتے۔ انڈین ایر فورس کے سپاہیوں کی بہادری پر سلام کرتا ہوں ۔ انھیں میری بھرپور تائید حاصل رہیگی ‘‘۔دہلی کے چیف منسٹر اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’انڈین فورسس کے پائلیٹس کو سلام کرتا ہوں جنھوں نے پاکستان میں دہشت گردی کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے ‘‘ ۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداﷲ نے کہاکہ ان حملوں نے بالکل ایک نئے طریقہ کار کی نشاندہی کی کیونکہ پڑوسی ملک میں دہشرت گردی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کیلئے پہلی مرتبہ فضائیہ کااستعمال کیا گیا ہے ۔ عمر عبداﷲ نے کہاکہ بالا کوٹ حملے کے ذریعہ ہم ایک بالکل نیا انداز اختیار کئے ۔ پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے آج کے واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس سے نئی دہلی اور اسلام آباد دونوں کے مقاصد کی تکمیل ہوگئی ہے ۔ پنجاب کے کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے کہاکہ ’’حق و باطل کی لڑائی میں آپ غیرجانبدار رہنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ دہشت گرد تنظیم کے خلاف لڑئی جاری ہے ۔ انڈین ایرفورس کے بہادروں کو سلام … جئے ہند ‘‘ ۔ راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گیہلوٹ اور ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ نے پاکستان میں جیش محمد کے دہشت گرد ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے بعد انڈین ایرفورسیس کو مبارکباد دی ہے ۔