آئزول، 12 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو میزورم کی راجدھانی آئزول کے سائرنگ ریلوے اسٹیشن سے دہلی (آنند وہار) جانے والی راجدھانی ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ مودی بئیروی اسٹیشن سے گوہاٹی اور کولکاتہ جانے والی ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ آسام کی سرحد پر بئیروی سے سائرنگ تک ریلوے لائن کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔ اس 53 کلومیٹر طویل ریلوے روٹ پر 48 سرنگیں ہیں۔ ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے سائرنگ اسٹیشن کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ مسٹر مودی کے راجدھانی ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائے جانے کے ساتھ ہی آئزول دہلی سے جڑی شمال مشرقی ریاستوں کی چوتھی راجدھانی بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بئیروی اور سائرنگ کے درمیان ریلوے لائن کی تعمیر مشکل کام تھا لیکن یہ ریلوے کے انجینئروں اور کارکنوں کی محنت کی وجہ سے ممکن ہوا۔ اس لائن پر تعمیر ہونے والا ایک پل ملک میں ریلوے لائنوں پر بنائے گئے پلوں میں دوسرا سب سے اونچا پل ہے ۔ اس پل کی اونچائی دہلی کے قطب مینار سے زیادہ ہے ۔