نئی دہلی، 26 نومبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ہندوستان کے دستور کو ملک کے جمہوری اور سماجی ڈھانچے کی بنیاد اور اپنے ذاتی و سیاسی سفر کا اٹوٹ حصہ قرار دیا اور کانگریس پر کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہنے کے دوران دستوری اصولوں کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا۔ مودی نے یومِ دستور کے موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں اپنے مضمون کے اہم موضوعات کا ذکر کیا۔ انہوں نے دستور کی انفرادیت، دستور ساز اسمبلی کے تعاون اور دستوری اقدار کو مضبوط بنانے نیز سماجی و اقتصادی انصاف کو آگے بڑھانے کے لیے این ڈی اے حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ مودی نے کہا کہ ان کے مضمون میں ہندوستانی دستور کی منفرد نوعیت، ملک کے جمہوری اداروں کی تشکیل میں اس کے کردار اور سماجی یا اقتصادی پس منظر سے قطع نظر لوگوں کو مواقع فراہم کرنے میں اس کے تعاون کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ عام پس منظر سے ملک کے اعلیٰ ترین انتظامی عہدے تک اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دستور نے ان لوگوں کیلئے بھی اعلیٰ دستوری ذمہ داریوں تک پہنچنے کا امکان پیدا کیا، جنہیں پیدائش سے کوئی خصوصی مراعات یا فوائد حاصل نہیں تھے ۔ مودی نے کانگریس پر الزام لگایا کہ پارٹی اور اس کے پیش روؤں کے کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہنے کے دوران دستوری آزادیوں اور اداروں کو نقصان پہنچایا گیا۔