مودی نے اپنے گرو اڈوانی کو نکال پھینکا ، کیا یہی ہندو دھرم ہے: راہول

,

   

چندراپور (مہاراشٹرا) 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر بی جے پی کے سینئر قائد ایل کے اڈوانی کی توہین کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اُنھوں نے بی جے پی کے کہنہ مشق قائد ایل کے اڈوانی کی تحقیر کی۔ اُنھوں نے کہاکہ کیا کسی کی اپنے گرو کا عدم احترام کرنا ہی ہندو دھرم ہے؟ راہول گاندھی کی مودی پرتنقید اُس وقت منظر عام پر آئی جبکہ اڈوانی کا بلاگ اخباروں میں شائع ہوا جس میں اُنھوں نے کہا ہے کہ بی جے پی نے کبھی بھی اپنے سیاسی حریفوں کو قوم دشمن نہیں قرار دیا۔ راہول گاندھی نے کہاکہ بی جے پی ہندو دھرم کی بات کرتی ہے، ہندو دھرم میں گرو کا انتہائی بلند مقام ہے۔ بی جے پی گرو ۔ ششیہ روایت کی بات کرتی ہے، مودی کا گرو کون ہے اڈوانی؟ مودی نے اڈوانی کو لات مار کر اسٹیج سے ہٹادیا۔ اُن کا یہ تبصرہ درپردہ طور پر اڈوانی کا حوالہ تھا جنھیں لوک سبھا نے گاندھی نگر سے بی جے پی کا امیدوار نہیں بنایا گیا۔ بی جے پی نے صدر پارٹی امیت شاہ کو اُن کے بجائے کھڑا کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2019 ء نظریات کی جنگ ہے۔ کانگریس کا نظریہ اُخوت، محبت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی مودی کی نفرت، برہمی اور انتشار کے نظریہ پر فتح پائے گی۔ صدر کانگریس نے کہاکہ اُنھیں نیائے اقل ترین آمدنی اسکیم پر تنقید کی پرواہ نہیں ہے۔ جس کا پارٹی کے انتخابی منشور میں تذکرہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس ہر سال ملک کے غریبوں کو 72 ہزار روپئے سالانہ دینے کی پابند ہے اور یہ غربت پر سرجیکل حملہ ہوگا۔

راہول گاندھی نے کہاکہ اُنھیں وزیراعظم کے تیقن سے حوصلہ ملا جس میں اُنھوں نے ہر ہندوستانی کے بینک کھاتے میں 15 ہزار روپئے جمع کرنے کا تیقن دیا تھا۔ اُنھوں نے سوچا کہ بینک میں منتقلی ایک اچھا خیال ہے۔ صرف 15 لاکھ روپئے کا تیقن دیا گیا ہے اور میں آپ کو ایک سچی تعداد دے رہا ہوں۔ ہر سال 72 ہزار روپئے غریب عوام کے بینک کھاتوں میں جمع کروائے جائیں گے۔ صنعت کار انیل امبانی پر رافیل سودے کے سلسلے میں تنقید کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ایک شخص جو کاغذی طیارے نہیں بناسکتا، محکمہ دفاع کے سب سے بڑے کنٹراکٹ کو جس کی مالیت 30 ہزار کروڑ روپئے ہے، راست طور پر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ راہول گاندھی نے مودی کے لئے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں وزیراعظم مودی سے محبت کرتا ہوں۔ میرے دل میں اِس شخص سے نفرت یا برہمی نہیں ہے۔ اِس کے برعکس وہ خود مجھ پر برہم ہے۔ اوسط طبقہ کا ہر شخص ’’نیائے‘‘ کو مالیہ فراہم کرنے کے لئے بوجھ کا شکار نہیں بنایا جائے گا۔ اپوزیشن کے روزنامہ کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ اگر وہ برسر اقتدار آجائیں تو غربت پر سرجیکل حملہ کرتے ہوئے ہر غریب آدمی کو سالانہ 72ہزار روپئے ادا کریں گے۔ امکان ہے کہ اقل ترین آمدنی طمانیت اسکیم کی لاگت 3.26 لاکھ کروڑ روپئے ہوگی۔