نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے ٹوکیواولمپک کیلئے جاپان کے وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا کو مبارکباد پیش کی ہے ۔وزیراعظم نے جمعہ کو ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا اورجاپان کوٹوکیواولمپک و پیرالمپک کیلئے بہت بہت نیک خواہشات۔ اس اولمپک میں ہم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی غیرمعمولی کارکردگی کیلئے منتظرہیں۔ کھیلوں کے مہاکبھ کہے جانے والے اولمپک کھیل آج سے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیومیں شروع ہورہے ہیں۔
مودی کا تلک اور چندرشیکھر آزاد کو خراج عقیدت
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے عظیم مجاہد آزادی لوک مانیہ بال گنگادھار تلک اور چندرشیکھر آزاد کو ان کی یوم پیدائش پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیر اعظم نے جمعہ کے روز سلسلہ وار ٹویٹ پیغامات میں کہا ‘‘ میں لوک مانیہ تلک کو ان کی سالگرہ پر سلام پیش کرتا ہوں۔ ان کے افکار اور اصول موجودہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ مطابقت رکھتے ہیں، جب 130 کروڑ ہندوستانیوں نے ایک خود انحصار ہندوستان بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو معاشی طور پر خوشحال اور معاشرتی طور پر ترقی پسند ہو’’ ۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا ‘‘لوک مانیہ تلک ہندوستانی اقدار اور نظریات پر گہرا اعتماد رکھتے تھے ۔ تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں ان کے خیالات کئی لوگوں کو آج بھی تحریک دے رہے ہیں ۔ انہوں نے ایسے اعلیٰ ادارے قائم کیے جو ایک طویل عرصے سے انمول تعاون پیش کر رہے ہیں’’۔عظیم انقلابی اور ملک کی آزادی کے لئے ہنستے ہوئے اپنی زندگی کا نذرانہ پیش کرنے والے چندر شیکھر آزاد کو یاد کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا ‘‘ مادروطن کے بہادر بیٹے اور غیر معمولی شخصیت والے چندر شیکھر آزاد کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کررہا ہوں ۔ جوانی میں ہی انہوں نے اپنے آپ کو سامراجیت سے ملک کی آزادی کے لئے جھونک دیا ۔ وہ مستقبل کے بارے میں سوچنے کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط ہندوستان کا خواب دیکھتے تھے ’’ ۔