ٹوکیو ۔ 30 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ جاپان کے دوسرے دن ہفتہ کے روز وزیر اعظم شیگیرو ایشیبا کے ساتھ بلٹ ٹرین میں سفرکا لطف لیا۔ مودی نے جاپان میں اپنی بلٹ ٹرین کی سواری کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔ جاپانی وزیر اعظم ایشیبا نے مسٹر مودی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ سینڈئی کی طرف جارہے ہیں۔ یہ سلسلہ کل رات سے جاری ہے اور میں ان کے ساتھ کار میں ہوں ۔ مودی اور جاپانی وزیر اعظم ایشیبا کو بلٹ ٹرین میں سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ وزیر اعظم مودی اور جاپانی وزیر اعظم دونوں نے بلٹ ٹرین میں جاپان کے سینڈئی شہر کا سفر کیا۔ اس دوران انہوں نے ایسٹ جاپان ریلوے کمپنی میں زیر تربیت ہندوستانی ٹرین ڈرائیوروں سے ملاقات کی۔ بلٹ ٹرین میں سفر کرنے کے بعد وزیر اعظم نے سینڈئی میں ایک سیمی کنڈکٹر فیکٹری کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران ہندوستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان صنعتی اور خلائی تعاون پر اہم اتفاق رائے ہوا۔