مودی کا مرار جی دیسائی کے بہانے کانگریس پر تنقید

   

یوم پیدائش تقریب پر خراج عقیدت پیش کرنے کی آڑ میں اپوزیشن پر تنقید
نئی دہلی، 24 فروری ( سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعظم نریندر مودی نے ایمرجنسی اور اس کے بعد سابق وزیر اعظم مرار جی دیسائی کے دور اقتدار میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے کی گئیں آئینی ترمیمات کے بہانے کانگریس پر سخت حملہ کیا ہے ۔ مسٹر مودی نے اتوار کو ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ میں ملک کے باشندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کا نام لیے بغیر کہا کہ حکومت نے ایمرجنسی کے دوران آئین میں 42 ویں آئینی ترمیم کرکے سپریم کورٹ کی طاقت کو کم کیا اور جمہوریت کو مضبوط بنانے والی کئی شقوں کو ہٹایا گیا تھا لیکن مسٹر دیسائی نے اپنے دور اقتدار میں 44 ویں آئینی ترمیم کرکے ملک کے جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کا اہم کام انجادیا۔ مسٹر دیسائی کو ان کی سالگرہ 29 فروری پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہایت سنجیدہ مزاج کے انسان تھے اورسب سے زیادہ ڈسپلن والے ملک کے رہنماؤں میں سے ایک تھے ۔ آزاد ہندوستان کے پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ بجٹ پیش کرنے کا ریکارڈ انہی کے نام ہے ۔ انہوں نے آئینی ترمیم کرکے واضح کردیا کہ 1975 میں جس طرح سے جمہوری نظام کا قتل کیا گیا تھا مستقبل میں اسے دہرایا نہ جا سکے ۔ ہندوستانی جمہوریت کی بالادستی کو قائم رکھنے میں ان کے انمول کارنامے کو آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دیسائی جمہوریت کی تحفظ کے لیے ایمرجنسی کے خلاف کھل کر سامنے آگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں زیادہ دنوں تک جیل کی اذیت سہنی پڑی تھی ۔ اس وقت حکومت نے انھیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا لیکن 1977 میں جب جنتاپارٹی فتحیاب ہوئی اور وہ ملک کے وزیر اعظم بنے تو 44 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں کی کاروائی کی خبریں اخبارات میں شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا۔ اسی کے تحت سپریم کورٹ کی طاقت کو بحال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر دیسائی کی حکومت میں کی گئی یہ غیر معمولی آئینی ترمیم تھی جس میں یہ بھی اہتمام کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 20 اور 21 کے تحت حاصل بنیادی حقوق ایمرجنسی کے دوران بھی نہیں چھینے جا سکتے ۔ پہلی بار یہ انتظام کیا گیا کہ کابینہ کی تحریری مشاورت نامے پر ہی صدر ایمرجنسی کا اعلان کریں گے ۔ ساتھ ہی یہ بھی طے کیا گیا کہ ایمرجنسی کی مدت کو ایک بار میں چھ ماہ سے زیادہ نہیں بڑھایا جا سکتا ۔