مودی ۔ شاہ پر سیاسی حریفوں کو سی بی آئی سے ڈرانے کا الزام

,

   

اجیت پوار کو مجبور کیا گیا ،مہاراشٹرا کے واقعات دستور کی توہین ، کے نارائنا کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔ 24 نومبر(این ایس ایس) سی پی آئی کے سینئر لیڈر کے نارائنا نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر سیاسی حریفوں کو ڈرانے دھمکانے کیلئے سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے استعمال کے علاوہ بلیک میلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ نارائنا نے تروپتی میں اتوار کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے خلاف کئی الزامات عائد کئے اور کہا کہ مہاراشٹرا میں رونما ہونے والی صورتحال دستور کی توہین کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ این سی پی لیڈر اجیت پوار کو سی بی آئی سے ڈراتے ہوئے ریاست میں بی جے پی حکومت کے قیام میں مدد کیلئے مجبور کیا گیا۔ نارائنا نے حکومت آندھرا پردیش کی پالیسیوں کی مذمت کی اور کہا کہ جگن موہن ریڈی حکومت اپنے معلنہ فلاحی اسکیمات کو روبہ عمل لانے کیلئے سرکاری اراضیات فروخت کررہی ہے جو غلط اقدام ہے۔ سرکاری مدارس میں انگریزی ذریعہ تعلیم کے نفاذ کے فیصلے پر نارائنا نے مخالفت کرتے ہوئے مادری زبان کو ’’ماں کے دودھ‘‘ اور انگریزی زبان کو ’’مصنوعی دودھ‘‘ (ملک پاؤڈر) سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی اور تلگو زبانوں میں کوئی تقابل نہیں ہوسکتا۔