موسمی امراض پر ہیلت آفیسرس کیساتھ کمشنر جی ایچ ایم سی کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد 23 اگسٹ (این ایس ایس) جی ایچ ایم سی کی جانب سے بڑے پیمانہ پر ہیلت کیمپس منعقد کئے جائیں گے اور بیداری مہم شروع کی جائے گی اور اسکولس میں بھی جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور نے آج یہاں یہ بات کہی۔ اضلاع حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل کے ڈی ایم ایچ اوز کے ساتھ ویکٹر اور پانی کے باعث ہونے والے امراض پر ایک جائزہ اجلاس میں کمشنر نے مختلف قسم کے امراض (بخار) یعنی ڈینگو، ملیریا، چکن گنیا وغیرہ کے بارے میں دریافت کیا اور انھیں ہدایت دی کہ مابقی 200 ہیلت کیمپس 26 ، 27 اگسٹ تک منعقد کئے جائیں کیوں کہ ماہ اگسٹ کے لئے 500 ہیلت کیمپس کے مقررہ نشانہ میں 300 ہیلت کیمپس منعقد کئے جاچکے ہیں۔ ڈی ایم ایچ اوز نے کمشنر کو بتایا کہ موسمی امراض پر توجہ دینے کے لئے اسپیشل ڈیسکس فراہم کئے گئے ہیں اور آؤٹ پیشنٹ کے اوقات میں شام 4 بجے تک توسیع کی گئی ہے۔ یہ اسپیشل ڈیسکس جنرل فزیشین کی صدارت میں میڈیکل آفیسرس پر مشتمل ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں 6 اور عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں 5 ہیں۔ نیز کمشنر نے ڈی ایم ایچ اوز کو ہدایت دی کہ مزید 695 ہیلت کیمپس 15 ستمبر تک منعقد کئے جائیں اور پمفلٹس اور ڈور اسٹیکرس تقسیم کرتے ہوئے فرائی ڈے ۔ ڈرائی ڈے پر عمل درآمد سے متعلق بیداری پیدا کی جائے۔ خانگی ہاسپٹلس کو بھی مقامی علاقوں میں ہیلت کیمپس کے انعقاد کے سلسلہ میں شامل کیا جائے۔