درجہ حرارت میں گراوٹ ، شہری موسمی امراض کا شکار
حیدرآباد۔9ڈسمبر(سیاست نیوز) موسم سرما کی شدت میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے اور اس موسمی صورتحال کے سبب شہر یوں وبائی امراض بالخصوص موسم کی تبدیلی کے سبب بخار ‘ کھانسی اور شدید نزلہ کی شکایات عام ہوتی جا رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور اس اضافہ کے باعث رات کے اوقات میں سڑکوں پر عوام کی آمد ورفت کم ہوتی جا رہی ہے علاوہ ازیں صبح کی اولین ساعتوں میں اوس گرنے کے سبب کہر رہنے لگا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں سب سے کم درجہ حرارت عادل آباد کے جنگلاتی علاقہ میں ریکارڈ کیا جا رہاہے جہاں رات کے اوقات میں درجہ حرارت13.6ڈگری تک پہنچ چکا ہے اور محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ دنوں کے دوران موسم سرما کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ شہر حیدرآباد بلکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت 18 ڈگری ریکارڈ کیا جا رہاہے اورشہر کے مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کے سبب شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے ان علاقوں میں جہاں درخت زیادہ ہیں اور آبادیاں کم ہیں ان علاقو ںمیں سردی کی لہر میں شدت ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔