موسیقی کا غیرمجاز استعمال راہول گاندھی کیخلاف مقدمہ

   

بنگلورو: بھارت جوڑو یاترا کے دوران کنڑ فلم کے جی ایف چیپٹر 2 کے میوزک کے مبینہ غیر مجاز استعمال کیلئے ایم آر ٹی میوزک لیبل کی طرف سے درج کی گئی شکایت کے بعد، بنگلورو پولیس نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور پارٹی کے کچھ دیگر قائدین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہیکہ کانگریس پارٹی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت فلم کے گانوں کے ساتھ دو ویڈیوز پوسٹ کیے تھے۔ کانگریس کے راہول گاندھی، جے رام رمیش، سپریا کے خلاف یشونت پور پولیس اسٹیشن میں کاپی رائٹ ایکٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ، تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی مذکورہ بالا غیر قانونی کاروائی کاپی رائٹ ایکٹ کی دفعہ 63 کے تحت ایک جرم ہے۔ یہ بھی ایک سنگین جرم ہے کہ جھوٹے الیکٹرانک ریکارڈ کو حقیقی کے طور پر پیش کرنے کی نیت سے بنایا گیا ہے اور اس طرح اسے عام کیا گیا ہے۔ کاپی رائٹ ایکٹ 1957 کے مطابق شکایت کنندہ کا ہر کاپی رائٹ مواد غیر قانونی طور پر ذخیرہ، میزبانی، ڈاؤن لوڈ، سائڈ لوڈ، اپ لوڈ اور اس طرح صوتی ریکارڈنگ اور آڈیو ویڑول مواد کی خلاف ورزی کرنے والی کاپی بنایا گیا ہے۔بی جے پی لیڈر امیت مالویہ نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے فرم کی اجازت کے بغیر بھارت جوڑو یاترا کے لیے فلم سے گانے اٹھائے۔ کانگریس پر ایک بار پھر اپنی مہم میں کنڑ اداکار اکھل ایئر کی تصویر کو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، اس بار مقدمہ ایم آر ٹی میوزک نے دائر کیا ہے۔