ریاستی وزیر سیتکا کا سنسنی خیز ریمارک، مکانات سے محروم غریبوں کو متبادل فراہم کرنے کا تیقن
حیدرآباد ۔30۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانہ پر بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کے لئے بی آر ایس قائدین حکومت پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے بی آر ایس قائدین کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے سیتکا نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس دور حکومت کی بدعنوانیوں کو چھپانے کیلئے بی آر ایس قائدین عوام کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے سنسنی خیز ریمارک کیا کہ موسیٰ ندی کے اطراف کے علاقوں میں عام لوگوں سے زیادہ سیاسی قائدین کی غیر مجاز تعمیرات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کا سہارا لے کر بڑے قائدین اپنی تعمیرات کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ریاستی وزیر نے تیقن دیا کہ موسیٰ ندی کے اطراف کے علاقوں میں مکانات سے محروم ہونے والے خاندانوں کو متبادل مکانات فراہم کئے جا ئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ اور کے ٹی آر غریبوں کے حق میں مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بی آر ایس دور حکومت میں مڈ مانیر اور ملنا ساگر پراجکٹس کی تعمیر کے لئے اراضیات حاصل کرنے عوام کا جبراً تخلیہ کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے دونوں پراجکٹس کے متاثرین سے جبراً اراضیات حاصل کی تھیں لیکن آج غیر مجاز تعمیرات پر سیاست کرتے ہوئے عوام کو مشتعل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھیلوں ، تالابوں اور نالوں پر غیر مجاز تعمیرات کو ہٹانے کیلئے حکومت سے تعاون کرنے کے بجائے اس معاملہ پر سیاست کی جارہی ہے ۔ سیتکا نے کہا کہ کھمم اور محبوب آباد میں سیلاب سے متاثرین کو حکومت کی جانب سے امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 برسوں میں پہلی مرتبہ محبوب آباد ضلع میں سیلاب کی سنگین صورتحال دیکھی گئی۔ 1