مولانا آزاد کی تعلیمی فکر و قومی یکجہتی کا پیغام سب کیلئے مشعل راہ

   

Ferty9 Clinic

ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی یوم پیدائش تقریب سے کانگریس قائد چندرپال و دیگر کا خطاب

میدک ۔ 13 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امام الہند اور ہندوستان کے وزیر تعلیم اول مولانا ابوالکلام آزاد یوم پیدائش تقریب کا میدک مسلم اسوسی ایشن کے زیراہتمام اولڈ بس اسٹیشن روڈ پر بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ وہیں امام الہند کے تنصیب کردہ مجسمہ کی بھی بلدیہ میدک کے سابق صدرنشین کانگریس قائد چندرا پال ہاتھوں نقاب کشائی کا رسم انجام دیا گیا۔ قائدین MMA، مقامی ذی اثر حضرات قائدین کانگریس نے نقاب کشائی کے اعزازی دن کثرت کے ساتھ گلہائے عقیدت پیش کئے۔ تقریب کا آغاز حافظ سید شفیع اللہ حسینی کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ تقریباً کی صدارت جنرل سیکریٹری ایم ایم اے ڈاکٹر شجاعت علی صوفی نے کی۔ جبکہ صدر ڈاکٹر عمر خان عکاذئے رسم نقاب کشائی کے موقع پر ابتدائی کلمات ادا کئے۔ مہمان خصوصی ڈے چندرا پال نے مولانا آزاد کے مجسمہ پر پھول مالا ڈالتے ہوئے انہیں بھرپور خراج ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد کی تعلیمی فکر اور قومی یکجہتی کا پیغام آج ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد کے یوم پیدائش کو قومی یوم تعلیم ے طور پر منایا جانا ان کے علم و تعلیم سے گہرے تعلق کا مظہر ہے۔ کانگریس قائد سابق کونسلر بلدیہ میدک ایم گنگا دھر نے کہا کہ مولانا آزاد ایک سچے محب وطن تھے۔ انہیں ہندوستان کے عوام سے بے پناہ محبت تھی۔ دلت قائد راما سوامی نے کہا کہ مولانا آزاد کے اصولوں پر چل کر ہم زندگی میں بڑی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ایم ایم اے قائد ظفراللہ طاہر نے بھی مولانا آزاد کے نظریات و اصولوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ابوالکلام آزاد کا قول تھا کہ ملک کسی ایک مذہب یا فرقے کے جاگیر نہیں یہ سب کا ہے اور سبھی اس میں برابر کے شریک ہیں۔ اس تقریب میں میدک مسلم اسوسی ایشن کے قائدین، دیگر معزز، شخصیتوں، کانگریس قائدین مسرز محمد فاضل، سید سعادت علی ذکی، حافظ سید خواجہ، معزالدین، محمد حفیظ الدین، لکشمی نارائن، ایم اے رؤف ، کرشنا گوڑ، انجنیلو گوڑ، عارف امجد، مرزا احمد علی بیگ، سید غفار نیازی، سید نصیر جوہری، بوجا پون، محمد سمیع الدین، میسن بن عبداللہ، عمیرا فصل کے علاوہ دیگر شریک تھے۔ آخر میں جنرل سیکریٹری ایم ایم اے ڈاکٹر صوفی شجاعت علی نے مجسمہ کی تنصیب کے لئے قلب شہر جگہ کی فراہمی پر رکن اسمبلی میدک ڈاکٹر مائنم بلی روہت راؤ بانی MSSO سابق رکن اسمبلی میدک و ملکاجگری، مائنم پلی ہنمنت راؤ اور کمشنر بلدیہ سرینواس ریڈی کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔