مولانا آزاد یونیورسٹی میں داخلوں کا آغاز،8 نئے کورسیس متعارف

   

حیدرآباد۔/3 مئی، ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2023-24 کیلئے داخلوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ یونیورسٹی نے جاریہ سال 8 نئے کورسیس متعارف کئے ہیں۔ یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس حیدرآباد اور سٹیلائیٹ کیمپس لکھنؤ، سرینگر کے علاوہ مختلف ریاستوں میں موجود کالجس آف ٹیچر ایجوکیشن اور پالی ٹیکنکس کیلئے ریگولر کورسیس میں آن لائن داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اردو میڈیم میں اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے والی ملک کی یہ واحد یونیورسٹی ہے جسے حال ہی میں NAAC سے A+ گریڈ حاصل ہوا ہے۔ گذشتہ برس شروع کئے گئے کورسیس کی بڑھتی مانگ کو دیکھتے ہوئے جاریہ سال ماسٹر آف ووکیشنل کورسیس کا آغاز کیا گیا۔ اردو ثقافتی مطالعات اور تقابلی مطالعات میں پی ایچ ڈی، ایم ایس سی( طبیعات، کیمیاء، نباتیات اور حیوانیات ) کُل وقتی پی جی ڈپلوما ، ٹیچنگ انگلش، تلگو، کشمیری اور ترکی زبان کے سرٹیفکیٹ کورسیس شامل ہیں۔ پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار کے بموجب انٹرنس کے ذریعہ داخلہ دیئے جانے والے کورسیس میں پی ایچ ڈی، عربی، اردو، انگریزی، ہندی، فارسی، مطالعاتی ترجمہ، تقابلی مطالعات، مطالعات نسواں، نظم و نسق عامہ، سیاسیات، سوشیل ورک، اسلامک اسٹڈیز، دکن اسٹڈیز، اردو ثقافتی مطالعات، تعلیم، صحافت و ترسیل عامہ اور دوسرے کورسیس شامل ہیں۔ انٹرنس کی اساس کے کورسیس میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام، ایم بی اے، ایم سی اے، ایم ٹیک، ایم ایڈ، بی ایڈ اور بی ٹیک کورسیس شامل ہیں۔ انٹرنس کے کورسیس میں آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 28 مئی مقرر کی گئی ہے۔ میرٹ کی اساس پر داخلے کے کورسیس میں 24 جولائی تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ مزید تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہے۔ر