مرحوم کی قومی، ملی ، سیاسی و سماجی میدان میں کئی خدمات ، مولانا عبدالقیوم شاکر کا خراج
نظام آباد :28؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مولانا عبدالقیوم شاکر سکریٹری جمعیت علماء نظام آباد نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ موت تو بہرحال ہرفردبشر کو یقینی طورپر آنی ہے جوبھی اس دنیاے آب وگل میں آیا ہے اسے ایک دن سب کچھ چھوڑ کر جانا ہے ۔کوئی جلدی تو کوئی دیر سے، بہرحال تقدیر الہی غالب آکر رہے گی بندہ خواہ لاکھ جتن کرلے ہزاروں تدبیریں اختیارکرلے فیصلہ خداوندی سے آگے نہیں جاسکتا ہے۔مولانارحیم الدین انصاری بھی اب جواررحمت میں پہونچ گئے اللہ پاک مغفرت کامعاملہ فرمائے جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ عموما شہر حیدرآباد اورنظام آباد کے حوالہ سے جب بھی کوئی قومی اورملی مسائل درپیش ہوتے اورکل جماعتی مذہبی شخصیات کی جانب سے متحدہ آوازاٹھتی تو جہاں دیگر مسالک کی عظیم شخصیات کا چہرہ سامنے آتا تو لازما مولانا رحیم الدین انصاری کی وضعدار وممتاز شخصیت بھی پیش پیش رہتی ایک سے زائد بار مختلف عنوان سے منعقدہ پروگراموں میں شرکت کے بعد یہ بات پایہ ثبوت کو پہونچی کہ آپ گوناگوں خوبیوں کے مالک قومی وملی مسائل سے واقف کار ایک بارعب ووجیہ چہرہ کے مالک تھے آپ جہاں آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے ممبر تھے وہیں دارالعلوم ندوۃ العلماء کے رکن شوری تھے دارالعلوم حیدرآباد کے روح رواں ذمہ دار کی حیثیت سے آپ نے اپنی زندگی کا ایک بڑا اورطویل عرصہ اس کی تعمیر وترقی میں گذارا اب پر شکوہ عمارت بھی سوگوار نظر آتی ہے سیاسی میدان میں بھی آپ نے خوب اچھا نام کمایا اور ملت اسلامیہ کیلئے کام کیا اردواکیڈمی تلنگانہ کے چیرمین کی حیثیت سے بھی آپ ایک عہدہ پر فائزرہے اوراپنی خدمات کو جاری رکھا بہرحال بیک وقت کئی ایک تنظیموں اور سوسائٹی کے آپ ذمہ دار ورکن رہے ہیں جس سے خود اس بات کا اندازہ لگالیا جاسکتا ہیکہ آپ کو اللہ تعالی نے کن صلاحیتوں سے نوازا تھایقینا آپ کی رحلت سے جہاں دیگر تنظیموں میں ایک خلاء واقع ہوگا وہیں دارالعلوم حیدرآباد کا گلشن علم وعرفاں اس کے درودیوارطویل المدت محنت ومجاہدے کرنے والے اپنے اس ہونہار مالی کو بھلا نہ پائیں گے ۔اللہ پاک غریق رحمت فرمائے آمین۔