ممبئی : مہا کمبھ میلے سے سرخیوں میں آنے والی خاتون مونالیزا کو اداکار راجکمار راؤ کے بھائی امیت راؤ کے مقابل مرکزی کردار ہیروئنکے طور پر دیکھا جائے گا، جو فلم میکر سنجے مشرا کی فلم ’’دی ڈائری آف منی پور‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کریں گے اور بالی ووڈ میں ایک اور خوبرو اداکارہ کا اِضافہ متوقع ہے ۔ مونالیزا جن کا اصلی نام مونی بھونسلے ہے، اپنے دلکش آنکھوں کی وجہ سے کمبھ کے میلے میں وائرل ہوئیں اور بعد میں سیلفی لینے والوں کی ہراسانی کا شکار ہوئیں، جس کی وجہ سے ان کے خاندان کو پریاگ راج چھوڑنا پڑا۔ گاندھی گری اور ششانک کے ڈائریکٹر سنجے مشرا نے انہیں پریاگراج میں تلاش کیا جہاں انہوں نے ان کے خاندان والوں سے ملاقات کی اور انہیں مہیشور (خارگاؤں ضلع، مدھیہ پردیش) میں ڈھونڈ نکالا۔ یہ لوگ بہت ہی معصوم ہیں، یہ خانہ بدوش ہیں! میں ان کی معصومیت، سادگی اور قدرتی خوبصورتی سے متاثر ہوا، لیکن جوکچھ بعد میں ہوا وہ بہت ہی خوفناک اور پریشان کن تھا۔ اس لیے میں نے انہیں تلاش کیا اور ان کے والدین اور خاندان والوں سے فلم اور دیگر تمام پہلوؤں پر بات کی۔ اب مجھ پر انہیں پیش کرنے اور ان کے کیریئر کو بنانے کی زیادہ ذمہ داری ہے۔ میں ان کے لیے اندور میں دو ہفتے کا ورکشاپ شروع کررہا ہوں اور اس کے بعد ہم انہیں ممبئی منتقل کر دیں گے جہاں ورکشاپ جاری رہے گی، سنجے نے یہ تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم فلم کا آغاز لندن میں ایک ہفتے کے لیے امیت راو کے ساتھ کر رہے ہیں اور اپریل سے فلم کا مکمل شوٹ منی پور میں ہوگا۔ یہ محبت اور تشدد کی کہانی ہے۔ تربیت کے بعد وہ فلم کی لیڈنگ لیڈی کے طور پرکاسٹ میں شامل ہوں گی۔ سنجو نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو میں مونالیزا کو کہتے ہوئے دکھایا، کہ میں بہت خوش ہوں۔ محنت کریں گے۔ محنت کریں گے تب ہی آگے بڑھیں گے۔