کریم نگر /21 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چلتی بائیک کے ٹائر میں اوڑھنی پھنس جانے کے نتیجے میں گرنے والی خاتون ہلاک ہو گئی۔ یہ واقعہ ریاست تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق پوجیتا نامی (25) سالہ خاتون اور اس کا شوہر جگن ناگورم گاؤں میں رہا کرتے ہیں۔اس جوڑے کو دو بچے بتائے گئے ہیں۔ دونوں بچے بخار سے متاثر تھے جس پر یہ جوڑا 18 ستمبر کو اپنے بچوں کے لے کر جمی کنٹہ کے ہاسپٹل جارہا تھا کہ دھرمارم کے قریب پہنچتے ہی پیچھے بیٹھی پوجیتا کی اوڑھنی موٹر سائیکل کے ٹائر میں پھنس گئی اور وہ سڑک پر گر گئی۔جس کی وجہ سے اس کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ اس کا فوری طور پر جمی کنٹہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کیا گیا۔ اسے بہتر علاج کیلئے ہنمکنڈہ کے ایک پرائیویٹ ہاسپٹل لے جایا گیا۔ وہاں علاج کے دوران پوجیتا کی موت ہوگئی۔منجولا نے پولیس سے شکایت کی کہ داماد جگن راؤ کے تیز رفتار بائیک چلانے کی وجہہ سے اس کی بیٹی کی موت ہوگئی۔