مَنو، آپ نے چھوٹی عمر میں کارنامہ انجام دیا :بندرا

   

نئی دہلی: بیجنگ اولمپکس 2008 میں طلائی تمغہ جیتنے والے ابھینو بندرا نے ہندوستانی خاتون شوٹر منو بھاکر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف 22 سال کی عمر میں ایک شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔ منو نے جاریہ پیرس اولمپکس 2024میں 10میٹر پسٹل انفرادی اور مکسڈ مقابلوں میں کانسے کا تمغہ جیت کر ملک کیلئے فخریہ مظاہرہ پیش کیا ہے۔ تاہم آج ہفتہ کو وہ 25میٹر پسٹل ایونٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے میں ناکام رہیں اور انہیں چوتھے مقام پر اکتفا کرنا پڑا۔ منو کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے بندرا نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیاکہ منو، آپ نے پوری قوم کو اپنی ناقابل یقین کامیابی کیلئے فخر کا موقع فراہم کیا ہے ۔ تیسرا اولمپک تمغہ جیتنا غیر معمولی کامیابی ہوتی، لیکن آپ نے پیرس میں جو کارنامہ انجام دیا وہ واقعی یادگار ہے ۔ آپ کا سفر انتھک محنت اور لگن کا ثبوت ہے ۔ 22سال کی عمر میں آپ نے پہلے ہی قابل ذکر میراث قائم کر لی ہے ۔ منو بھاکر چوتھی ہندوستانی شوٹر ہے جو اولمپکس میں معمولی فرق سے ہار کر چوتھے نمبر پر آئی ہے ۔ اس سے قبل رواں اولمپکس میں ہندوستانی شوٹر ارجن بابوتا 10میٹر ایئر رائفل میں چوتھے نمبر پر آئے تھے جبکہ 2012کے لندن اولمپکس میں جویدیپ کرماکر کو 50میٹر رائفل پرون میں چوتھے مقام پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔ 2008کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھینو بندرا بھی ریو اولمپکس 2016میں مینز 10میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں تمغہ جیتنے سے محروم رہے تھے ۔