مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو

,

   

ریاض2اپریل( سیات ڈاٹ کام)سعودی عرب میں حکام نے دو نوں شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری کوششوں اور صحت عامہ کے اداروں کی سفارشات کے پیش نظر مکہ مکرمہ اور مدینہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو لگایا جا رہا ہے‘۔ وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے کا نفاذ آج سے ہوگا۔ محلوں میں ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں بند رہیں گی، اس سے استثنیٰ صرف غذائی اور اشیائے ضروریہ کے علاوہ پٹرول پمپ، فارمیسی اور بینکوں کو ہوگا‘۔وزارت داخلہ کے مطابق دونوں شہروں کے رہائشیوں پر شہر سے باہر جانے اور باہر سے کسی کے اندر آنے پر پابندی پہلے سے ہے جو برقرار رہے گی۔وزارت نے کہا ہے کہ ’24 گھنٹے کے کرفیو سے استثنیٰ انہی لوگوں کو ہے جنہیں پہلے سے ہی استثنیٰ دیا جا چکا ہے۔وزارت داخلہ کے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’دونوں شہروں کے رہائشیوں کو گھر کا راشن، ضروری سامان اور طبی ضرورت کے لیے گھر سے نکلنے کی انتہائی محدود اجازت ہوگی بشرطیکہ وہ اپنے محلے تک محدود رہیں‘۔انتہائی ناگزیر حالات میں گھر سے نکلنے کی اجازت صبح 6 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوگی۔ وزارت نے کہا ہے کہ ’یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ 24 گھنٹے کرفیو کے عرصے کے دوران گھر سے نکلنے کی اجازت کے اوقات میں محلوں کے درمیان گاڑی پر سفر کرنے کا ضابطہ یہ ہے کہ گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ صرف ایک شخص کو سوار ہونے کی اجازت ہوگی‘۔وزارت نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے رہائشی اپنی ضرورت کی چیزوں کے لئے ہوم ڈلیوری کی خدمات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں اور گھر سے نکلنا انتہائی محدود کر دیں۔وزارت نے کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ کورونا وائرس کے خطرے کو محدود کرنے اور رہائشیوں کی سلامتی کے لئے کیا گیا ہے جس پر عمل کرنے کے لئے شہریوں اور غیرمقیم ملکیوں کا تعاون ناگزیر ہے‘۔