مکیش گوڑ کے فرزند وکرم گوڑ کی صدر بی جے پی سے ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : نازک موقع پر ہی کانگریس قائدین ہی یکے بعد دیگر خود کانگریس کو جھٹکے دے رہے ہیں ۔ ایک طرف پارٹی پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے تو دوسری طرف پارٹی کے قائدین اپنے مستقبل کی فکر کررہے ہیں ۔ سابق وزیر ایم مکیش گوڑ کے فرزند وکرم گوڑ نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن سے ملاقات کی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وکرم گوڑ نے ڈاکٹر لکشمن سے بی جے پی میں شامل ہونے پر اپنے اور اپنے والد کے سیاسی مستقبل کے بارے میں بات چیت کی ہے اور ڈاکٹر لکشمن نے بھی انہیں مکمل طمانیت دی ہے بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وکرم گوڑ نے ڈاکٹر لکشمن سے کی گئی ملاقات کو خیر سگالی ملاقات کہتے ہوئے میڈیا سے سوالات کو ٹالنے کی کوشش کی ہے ۔۔