رائے پور: مہادیو بیٹنگ ایپ کیس میں اب تک کئی فلمی ستاروں کے ملوث ہونے کا معاملہ سامنے آچکا ہے اور اب اداکار ساحل خان کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے ۔ممبئی کی ماٹونگا پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ساحل کو بامبے ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت نہیں ملی تھی اور گرفتاری سے بچنے کے لیے ساحل ممبئی سے فرار تھے ۔ تقریباً 40 گھنٹے تک پیچھا کرنے کے بعد بالآخر پولیس نے ساحل کو پکڑ لیا۔ ساحل بار بار اپنی جگہ بدلتا رہا۔ ساحل کو چھتیس گڑھ کے جگدل پور سے گرفتار کیا گیا ہے جہاں سے انہیں ممبئی لایا جا رہا ہے ۔ مہادیو سٹے بازی ایپ معاملے میں ممبئی پولیس کی ایس آئی ٹی نے اسے حراست میں لیا ہے ۔کہا جاتا ہے کہ خان دی لائن بک ایپ نامی بیٹنگ ایپ سے وابستہ تھے جو مہادیو بیٹنگ ایپ نیٹ ورک کا حصہ ہے ۔