ریاست کے عوام کو نریندر مودی کی باتوں پر یقین نہیں۔ شیوسینا لیڈر کا بیان
ممبئی : مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات کے دوران شیوسینا ( ادھو ٹھاکرے ) کے لیڈر سنجے راؤت نے وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام وزیر اعظم کے بیانات پر اعتماد نہیں کرتے اور یہاں مہا وکاس اگھاڑی میں شیو سینا، کانگریس اور این سی پی اتحاد میں مضبوطی سے ساتھ ہیں۔ راؤت نے مزید کہا کہ یہاں کی عوام کو ان سے زیادہ سیکیورٹی کا احساس ہے۔سنجے راؤت نے وزیر اعظم مودی کی طرف سے اْدھو ٹھاکرے پر کی گئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عوام فیصلہ کریں گے کہ کس کا ریمورٹ کنٹرول کس کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایکناتھ شندے کو دوبارہ چیف منسٹر نہیں بنایا جائے گا اور نہ انہیں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ دیا جائے گا، کیونکہ بی جے پی اپنی ضرورت کیلئے شندے اور اجیت پوار کا استعمال کر چکی ہے۔سنجے راؤت کا کہنا تھا کہ 23 نومبر کو انتخابات کے نتائج کے بعد، مہایوتی کا اتحاد ختم ہو جائے گا ؛کیونکہ اس کے پاس حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ اکثریت نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم انتخابات کے بعد مہاراشٹرا میں حکومت بنائیں گے۔ مہایوتی کو اکثریت ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔واضح رہے کہ 20 نومبر کو مہاراشٹرا میں تمام 288 اسمبلی نشستوں پر ایک ہی دن انتخابات ہوں گے اور 23 نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔