ممبئی :مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان حملہ اور جوابی حملہ کا دور جاری ہے۔ ادھو ٹھاکرے گروپ کی شیوسینا کے ترجمان سنجے راؤت نے بی جے پی کے ریاستی صدر چندرشیکھر باونکلے پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا جل رہا ہے اور یہ جوا کھیل رہے ہیں۔دراصل سنجے راؤت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر چندرشیکھر باونکلے کے چہرے سے ملتی جلتی ایک تصویر ڈالی ہے۔ انھوں نے اس تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے ’’مہاراشٹرا جل رہا ہے… یہ جناب مکاؤ کے ایک کسینو میں جوا کھیل رہے ہیں۔ تصویر کو بڑا کر کے دیکھیے۔ کیا وہ وہی ہے؟ پکچر ابھی باقی ہے۔سنجے راؤت کی طرف سے پوسٹ کی گئی اس تصویر کا جواب دیتے ہوئے مہاراشٹرا بی جے پی نے بھی ایک تقریب کی تصویر ڈالی۔ اس میں ایک فلمی اداکار اور آدتیہ ٹھاکرے نظر آ رہے ہیں۔ اس میں آدتیہ ٹھاکرے کے ہاتھ میں ایک گلاس نظر آ رہا ہے۔ مہاراشٹرا بی جے پی نے اس تصویر کے ساتھ مراٹھی زبان میں لکھا ہے کہ ہمارے ریاستی صدر چندرشیکھر باونکلے نے اپنی زندگی میں کبھی جوا نہیں کھیلا۔ یہ وہ شعبہ ہے جہاں کہ کنبہ ہوٹل میں رہ رہا ہے۔ حالانکہ جن کی زندگی داؤ پر لگی ہے، وہ اس سے آگے نہیں دیکھ سکتے۔ بس ایک بات بتاؤ سنجو بھاؤ آدتیہ ٹھاکرے کے اس گلاس میں کس برانڈ کی وہسکی ہے؟