ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر، میٹرو سٹی میں کئی جگہ ٹریفک جام، بعض مقامات پر سیلاب جیسی صورتحال
ممبئی : مہاراشٹرا میں مانسون نے آج دستک دے دی ہے اور موسم برسات کی پہلی بارش میں میٹرو سٹی ممبئی کی معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔ مدوجذر کی وجہ سے ممبئی کے ساحل کے قریب تیز لہریں اٹھ رہی ہیں۔سائن، دادر اور سانتا کروز جیسے کئی دیگر نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے ۔ وسطی اور ہاربر ریلوے خدمات معطل ہیں۔ مشرقی شاہراہ پر موسلادھار بارش کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں ۔ صبح سے ہی ممبئی اور اس سے ملحقہ علاقوںمیں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے ۔ممبئی کی میئر کشوری پڈنیکر نے بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور انہیں بارش سے متعلقہ پریشانیوں کے پیش نظر محتاط رہنے کے لئے کہا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی یہ نہیں کہا کہ ممبئی میں بارش کا پانی نہیں بھرے گا لیکن ممبئی میں آبی گزرگاہ چار گھنٹے سے زیادہ نہیں رہتی۔ ممبئی سمیت مہاراشٹرا کے بیشتر علاقوں میں گرج و چمک کے ساتھ مانسون کی پہلی بارش نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے سربراہ جینتا سرکارنے مانسون کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک اچھی خبر ہے اورجنوب مغربی مانسون ممبئی، تھانے اور پالگھر میں 9جون کو دستک دے چکا ہے ۔مانسون کے ولساڑ گجرات، ناگپور، مہاراشٹرا اور پھر مشرقی سمت میں بڑھنے کا امکان ہے۔ مہاراشٹرا میں آئندہ دو تین دن مانسون اپنا جلوہ دکھائے گا۔آج صبح سویرے سے ممبئی کے شہری اور نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا اور صبح 9اور 10 بجے کے درمیان بجلی اور بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ بارش ہونے لگی اور چارپانچ گھنٹوں تک یہ سلسلہ جاری رہا ۔دفتر موسمیات قلابہ کے مطابق جنوبی ممبئی میں 77.4 ملی میٹر اور سانتا کروز میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 59.6ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔سنٹرل ریلوے کے سی پی آر اوشیواجی ستار نے مطلع کیا کہ مضافات میں بھاری بارش کی وجہ سے چونابھٹی اور سائن ۔کرلا کے درمیان پٹریوں پر پانی جمع ہوگیا ہے ۔ احتیاطی طورپر ریلوے نے سی ایس ایم ٹی اور تھانے کے درمیان لوکل سرویس بند کردی گئی ہے ۔اور شیواجی مہاراج ٹرمنس اور واشی کے درمیان آج صبح 10:30 بجے ہاربر لائن کی سروسز معطل کردی گئی ہے۔ شیواجی ستار کے مطابق ٹرانس ہاربر اور بی ایس یو(ارن) کے سرویسز معمول کے مطابق جاری ہیں۔ تھانے اور کرجت،کسارا اورواشی پنویل کے درمیان لوکل ٹرین سرویس جاری ہے۔بی ایم سی کے دعوے ایک بار پھر جھوٹے ثابت ہوئے ہیں اور شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوچکا ہے۔ سڑک پر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حالیہ طوفان کے 15 دنوں بعد شہری زندگی ایک بار پھر متاثر ہوئی ہے۔ ویسٹرن ریلوے کے ترجمان سمیت ٹھاکرکے مطابق وڈالا علاقے میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے شیواجی ٹرمینس اور اندھیری کے درمیان لوکل سرویس معطل کی گئی ہے ۔ویسٹرن اور ایسٹرن ہائی وے پر ٹریفک جام ہے ۔
مہاراشٹرحکومت اور بی ایم سی حکام نے پہلے ہی متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔