مہاراشٹرا میں مزدوروں کے حقوق کے عدم تحفظ پر تشویش

   

حمال و سیکوریٹی گارڈ ایکٹ میں ترمیم کا مطالبہ‘ دیگلور میں کانگریس کا احتجاج

دیگلور۔ 6؍اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے حمال ماپاڑی مزدور ایکٹ اور سیکورٹی گارڈ ایکٹ میں ترمیم کا مطالبہ کرتے ہوئے دیگلور میں کانگریس پارٹی کی جانب سے اسسٹنٹ کلکٹر آفس کے روبرو زبردست احتجاج کیا گیا۔ حمال ماپاڑی مزدور اور سیکورٹی گارڈز رات دن محنت کرنے کے باوجود ان کی تنخواہوں کا اور ان کے حقوق کا مہاراشٹرا میں تحفظ نہ ہونے کے سبب بے چینی پائی جا رہی ہے۔ جس کے سبب مہاراشٹرا پردیش لیبر اینڈ ایمپلائز کانگریس اور اے۔سی۔سی۔ پارٹی نے حکومت پر اس جانب خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہاں پر ایک جلوس نکال کر حکومت کی توجہ مبذول کروائی ہے اور ایک میمورنڈم اسسٹنٹ کلکٹر دیگلور مسٹر کلدیپ جنگم کے سپرد کیا گیا جس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ کامگار حمالوں کو “ماتھاڑی کامگار” کی بجائے” ماتھاڑی کرمچاری” کا مقام دیا جائے۔ اس جلوس کی قیادت تعلقہ صدر شیواجی راؤ دیشمکھ بلیگاؤنکر، سابق صدر بلدیہ موگلاجی شرشیٹوار، ایڈوکیٹ رام راؤ نائیک،مہلا کانگریس کی صدر شیخ فردوس فاطمہ، جناردن برادار نے کی۔ شیخ پاشاہ باٹکو،شیخ محمود، منوہر گنگادھر پٹیل، سید فیصل اطہر،شنکر دیشمکھ، پنڈت گوالے، چندرکانت گھاٹے،شیخ الیاس، سید عرفات دیگلورکر، گنپت ریڈی، صادق مرکھیلکر اور دیگر حمال ماپاڑی، سیکورٹی گارڈ سنگھٹنا کے عہدے دار وغیرہ کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔