مہاراشٹرا میں پھر تشدد، پولیس پر مسلم نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا الزام

,

   

ناگپور: مہاراشٹرا کے اکولہ میں گزشتہ چہارشنبہ کی رات دوبارہ تشدد پھوٹ پڑا ۔ انقلاب کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے شرپسند لیڈر کرن ساہو کے حامیوں نے پرانا شہر پولیس اسٹیشن تک مورچہ نکالا اور ان پر کارروائی نہ کرنے کا مطالبہ کیا اور واپس لوٹتے وقت ہجوم نے علاقے میں توڑ پھوڑ کی اور ایک بزرگ شخص ضمیر عمر شیخ کو تشدد کا نشانہ بنایا جنہیں بعد میں پولیس نے بچالیا ۔ تاہم وہ ہجوم کے حملہ میں شدید زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بغیر اجازت مورچہ نکالنے کے الزام میں جونا ( پرانا) شہر پولیسنے کرن ساہو ، سونو ساہو ، راج یادو ، گجو میکانک اور گونجن پہلوان کے علاوہ دیگر 10 افراد کے خلاف دفعہ مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا جس کے بعد کرن ساہو کو گرفتار تو کیا گیا لیکن گرفتاری کے فوری بعد اسے ضمانت پر رہا کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ قبل ازیں گزشتہ پیر کو اکولہ کے جونا ( پرانا) شہر علاقہ میں آٹو رکشہ سے دھکہ لگ جانے کو بہانہ بناکر فساد بھڑکانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ پولیس نے اس معاملہ میں 21 افراد کو گرفتار کیا تھا ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا تھا کہ پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا ۔