مہاراشٹر سے گجرات تک بھاری بارش، کئی اضلاع میں سیلاب جیسے حالات

   

نئی دہلی: ملک کی کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری انتباہات کے درمیان مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش ہوئی ہے، جس میں پانچ تعلقوں میں 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش درج کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ گجرات کے جنوبی اور وسطی خطوں کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی دوپہر 12 بجے تک گزشتہ 30 گھنٹوں میں ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہ سے پانی جمع ہوگیا۔ یہاں کے 19 تعلقوں میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔مہاراشٹر میں شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ ضلع حکام کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صبح 10 بجے تک 164.7 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ارن، علی باغ، پنویل اور موروڈ میں 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی، جب کہ روہا میں اس مدت کے دوران سب سے کم 140.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ عہدیدار نے بتایا کہ ضلع میں اہم ندیاں کنڈلیکا، امبا اور پاتال گنگا خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں، جبکہ 24 ڈیم میں اپنی گنجائش سے زیادہ پانی ہوگیا ہے۔