100 خیمے خاکستر ۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ وزیر اعظم کا چیف منسٹر یو پی کو فون
پریاگ راج : اترپردیش کے پریاگ راج میں مہا کمبھ میلہ کے مقام پر دو گیس سلینڈرس دھماکہ سے پھٹ پڑے جس کے نتیجہ میں وہاں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں کئی خیمے آگ کی زد میں آکر خاکستر ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ آگ 100 خیموں تک پہونچ گئی تھی اور انہیں پوری طرح خاکستر کردیا ۔ کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ مہا کمبھ میلہ میں پہلے ہی سے احتیاطی اقدام کے طور پر آگ پر قابو پانے والی گاڑیاں تیار تھیں اور وہ فوری وہاں پہونچ گئیں جنہوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ۔ اطراف کے خیموں میں مقیم افراد کو احتیاطی طور پر دوسرے مقام کو منتقل کردیا گیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر آدتیہ ناتھ کو فون کرتے ہوئے اس واقعہ کے تعلق سے معلومات حاصل کیں۔ ذرائع نے کہا کہ چیف منسٹر نے صورتحال کا جائزہ لینے سینئر عہدیداروں کو جائے واقعہ پر روانہ کردیا ہے ۔ اکھارہ پولیس اسٹیشن کے انچارج بھاسکر مشرا نے بتایا کہ مہا کمبھ میلہ کے سیکٹر 19 میں دو گیس سلینڈرس پھٹ پڑے تھے جس کے نتیجہ میں کیمپس میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی ۔ فائر انجنوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ۔ مہا کمبھ میلہ کے ایکس ہینڈل پر بتایا کہ افسوس کی بات ہے کہ مہا کمبھ میں آگ لگنے کے واقعہ سے سب تشویش کا شکار ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے فوری راحت اور بچاؤ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ 45 روزہ مہا کمبھ کا 13 جنوری کو آغاز ہوا تھا اور کہا جا رہا ہے کہ اب تک سات کروڑ سے زیادہ افراد نے گنگا میں ڈبکی لگائی ۔ سرکاری اعداد و شمار میں یہ بات بتائی گئی ۔
ڈی کے شیوکمار اترپردیش کے وزراء کی دعوت پر مہاکمبھ جائیں گے
بیلگاوی: ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک کے ڈی کے شیوکمار نے اعلان کیا کہ وہ اتر پردیش کے وزیر خزانہ سریش کمار کھنہ اور وزیر سیاحت جیویر سنگھ کی سرکاری دعوت پر پریاگ راج میں جاری مہاکمبھ جائینگے ۔ یہ دعوت انہیں ان کے حالیہ دورہ بنگلور کے دوران دی گئی تھی۔شیوکمار نے بتایاکہ اتر پردیش کے عہدیدار، بشمول وزیر خزانہ اور وزیر سیاحت نے مجھے باضابطہ دعوت دی۔ میں اور میرا خاندان اس تاریخی تقریب میں شرکت کریں گے ۔