اسکائی واک 500 میٹر لمبا ، 16 لفٹس پر مشتمل ہوگا ۔ عنقریب ٹنڈرس کی طلبی
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے مہدی پٹنم کے پاس پیدل چلنے والوں کے لیے اسکائی واک تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کی ترقی اور سیاحت کو فروغ دینے میں شہر کے سر پر تاج ثابت ہونے والے درگم چیرو پر تعمیر کردہ کیبل برج کے بعد یہ دوسرا بڑا پراجکٹ ہے جس کو حکومت نے منظوری دے دی ہے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار نے ایک ٹیوٹ کرتے ہوئے یہ بات بتائی ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد کو ترقی دینے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ ایک طرف تاریخی ورثہ کی حفاظت کرتے ہوئے اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ دوسری جانب سے شہر حیدرآباد کو خوبصورت سرسبز و شاداب اور سیاحتی مرکز کے طرز پر ترقی دینے کے لیے نئے پراجکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ درگم چیرو پر تعمیر کردہ کیبل برج ملک کا پہلا برج ہے ۔ اس طرز پر شہر حیدرآباد میں مزید ایک اسٹیل برج تعمیر کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ مہدی پٹنم کے پاس پیدل چلنے والوں کے لیے اسکائی واک تعمیر کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی گئی ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے پراجکٹس کا جائزہ لینے ماہرین اور اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اسکائی واک پراجکٹ تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ اس پراجکٹ کی تعمیر کے لیے بہت جلد ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ اس پراجکٹ کے حصہ کے طور پر وہاں موجود بس شلٹرس کو بھی ری ڈیزائن کیا جائے گا ۔ یہ اسکائی واک 500 میٹر لمبا اور اسٹیل سے تعمیر کیا جائے گا ۔ جس میں جملہ 16 لفٹس قائم کئے جائیں گے ۔ رعیتو بازار کے پاس بھی دو لفٹس رہیں گی ۔