مہیش کمار گوڑ کی بس سانحہ کے متاثرہ خاندان سے ملاقات

   

حکومت سے ہر ممکن مدد کا بھروسہ، سرکاری وفد کی روانگی
حیدرآباد ۔ 17۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے اڈیکمیٹ پہنچ کر سعودی عرب میں بس سانحہ سے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ۔ سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار کے ہمراہ مہیش کمار گوڑ نے افراد خاندان کو پرسہ دیا اور تحمل کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بس حادثہ میں فوت ہونے والے افراد کی تفصیلات حاصل کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور جنرل سکریٹری محمد فیروز خاں اس موقع پر موجود تھے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حکومت تمام متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے بس سانحہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے افراد کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہیلپ لائین سنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سعودی عرب سے حاصل ہونے والی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری وفد مدینہ منورہ روانہ کیا جارہا ہے جو مقامی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے شناخت اور تدفین کے انتظامات کرے گا۔ حکومت نے پسماندگان کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس نے زخمی نوجوان کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔1