میئرس ، ڈپٹی میئرس ، چیرمین ، ڈپٹی چیرمین کے آج انتخابات

   

حیدرآباد۔ ریاست کے 2 کارپوریشنس اور 5 میونسپلٹیز کے میئرس، ڈپٹی میئرس، چیرمین اور وائس چیرمین کے 7 مئی کو منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے میئرس ، چیرمین کے ناموں کا انتخاب کرتے ہوئے بند لفافوں میں مبصرین کے حوالے کردیا اور مبصرین بھی اپنے پنے مختص کردہ کارپوریشنس اور میونسپلٹیز کو پہنچ گئے۔ ٹی آر ایس کے منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ نو منتخب کارپوریٹرس اور وارڈ ممبرس کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کے فیصلہ کو قبول کرنے اور ڈسپلن کا مظاہرہ کرنے کی انہیں ہدایت دی۔ ورنگل اور کھمم کارپوریشن کے میئرس و ڈپٹی میئرس کا انتخاب ہوگا۔ ساتھ ہی 5 میونسپلٹیز سدی پیٹ، اچم پیٹ، جڑچرلہ، نکریکل اور کتور کے چیرمین و وائس چیرمین کے انتخابات ہوں گے۔ حالیہ منعقدہ منی میونسپل انتخابات میں حکمران جماعت ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ 2 کارپوریشن اور 3 میونسپلٹیز پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا۔ مبصرین 7 مئی کو کارپوریٹرس اور وارڈس ممبرس کے اجلاس میں بند لفافے سب کے سامنے کھولیں گے اور پارٹی قیادت کی جانب سے میئرس اور ڈپٹی میئرس، چیرمین اور وائس چیرمین کیلئے جن کا انتخاب کیا گیا ہے۔اس کی تائید کرنے پر زور دیں گے۔ سہ پہر 3 بجے تک انتخابی عمل اور حلف برداری مکمل ہوجائے گی۔ اگر پہلے دن کورم مکمل نہ ہونے پر دوسرے دن اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی گئی۔دوسرے دن بھی کورم مکمل نہ ہونے پر اس کی اطلاع اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس کے بعد کے اجلاس بغیر کورم کے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی موجودگی میں انتخابات کرانے کی ہدایت دی ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتا سارتھی نے متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس اور پولیس کمشنرس سے ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایتیں دی۔