حکومت کی رپورٹ نامکمل ، 26مئی تک تفصیلی رپورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے آج ایک اہم فیصلہ میں حکومت کو ہدایت دی کہ وہ متوفی افراد کا بھی کورونا ٹسٹ کرے۔ واضح رہے کہ حکومت نے میتوں کا کورونا ٹسٹ نہ کرنے احکامات جاری کئے تھے۔ ان احکام کو چیلنج کرنے پروفیسر وشویشور راؤ نے درخواست داخل کی۔ درخواست گذار نے استدلال پیش کیا کہ اگر میتوں کا ٹسٹ نہیں کیا گیا تو ریاست کورونا کے معاملہ میں تھرڈ اسٹیج میں داخل ہوجائے گی۔ درخواست گذار کے وکیل نے بعض مثالیں پیش کیں ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نیلور اور کرنول میں بعض ڈاکٹرس کی موت کے بعد جب معائنہ کیا گیا تو ان میں کورونا اثرات پائے گئے۔ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن اور دیگر اداروں کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کرنے ہائیکورٹ نے حکومت کو ہدایت دی۔ عدالت نے حکومت کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرکے ناراضگی جتائی۔ مرکز کے مشورہ پر عمل آوری کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ 26 مئی تک پیش کرنے کی حکومت کو ہدایت دی گئی۔ فریقین کی سماعت کے بعد مقدمہ کی آئندہ سماعت 26 مئی تک ملتوی کی گئی۔ حکومت نے عدالت میں رپورٹ پیش کرکے ریاست میں کورونا کی موجودہ صورتحال سے واقف کرایا ۔