میتھیوویڈ سڈنی میں مسلسل دو ٹیسٹ کھیلنے کے حق میں نہیں

   


میلبورن : ٹیم انڈیا جہاں ایک طرف سخت پابندیوں کے بیچ چوتھے ٹسٹ کے لئے برسبین جانے سے کترا رہی ہے وہیں آسٹریلیا کے سلامی بلے باز میتھیو ویڈ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا ٹیم سڈنی میں مسلسل دو ٹسٹ کھیلنے کے حق میں نہیں ہے ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ سڈنی میں 7 جنوری سے کھیلا جانا ہے ، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 15 جنوری سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔ لیکن کورونا کے سبب برسبین میں ممکنہ سخت پابندیوں کی وجہ سے ٹیم انڈیا نے وہاں جانے سے انکار کردیا ہے ۔ ویڈ نے کہا ، “میں نے اس کے بارے میں نہیں سنا ہے لیکن ظاہر ہے کہ ہم سڈنی میں مسلسل دو میچ کھیلنے کے حق میں نہیں ہیں۔” سیریز کا شیڈول پہلے ہی طے ہوچکا ہے اور ہم اسی پر عمل کریں گے ۔کرکٹ آسٹریلیا اسی کے مطابق ہی چلے گی ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم برسبین میں کھیلنا پسند کریں گے ۔ یہاں سخت کوارنٹین اور سخت پروٹوکول ہوں گے لیکن ہم مزید چیلنجوں کے لئے تیار ہیں۔