میدک میں تالاب کے شکم میں قائم کالج کی حالت زار

   

ایک تا 2 فیٹ پانی، گھانس پھوس اور حشرات الارض سے طلبہ پریشان
میدک ۔ 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ گرلس جونیر کالج سے ایک دم متصل اور اطراف و اکناف کے پورے علاقہ میں جنگلی جھاڑیوں کا جھنڈ سا ہو گیا ہے۔ اس طرح یہ کالج بھی محلہ اعظم پورہ اور رحیم آباد میں واقع ایک تالاب کی شکم اراضی میں قائم کیا گیا ہے۔ کالج کی تعمیر جو ایک دم زمینی سطح پر کی گئی ہے۔ تعمیرات میں کوئی اونچائی بھی نہیں لی گئی جس کے باعث بارش کے موسم میں کالج میں داخل ہونا ہو تو کم از کم ایک تا دو فیٹ جمع ہوئے پانی میں طالبات کو جانا پڑتا ہے۔ اس کالج کی ایک طالبہ حنیفہ قاسمی نے سال اول انٹر میڈیٹ میں داخلہ لینے کے بعد یہاں کے اس طرح کے حالات کو دیکھتے ہوئے اپنی جانب سے ایک درخواست مقامی بلدی کمشنر کو داخل کرتے ہوئے اس شکایتی عرضی کی نقل بلدیہ کے پرنسپل سکریٹری تلنگانہ، وزیر تعلیم (چیف منسٹر) ضلع کلکٹر میدک کے علاوہ رکن اسمبلی میدک کو بھی روانہ کی ہے۔ طالبہ نے اپنی درخواست میں واضح کیا کہ کالج کے باب الداخلہ اور اطراف و اکناف اگی ہوئی جھاڑیوں سے لکچررس، اسٹاف کو بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ جھاڑیوں کی موجودگی سے کوئی بڑا خطرہ بھی پیش آسکتا ہے کیونکہ ماحول جنگل کی طرح ہے یہاں سانپوں، بچھوؤں کے علاوہ دیگر حشرات الارض کے آنے کا بھی پورا امکان ہے۔