’’میرے بھائی نے 17 سال کی عمر میں اِسلام قبول کر لیا تھا‘‘

,

   

UPSC امیدواروں پر مبنی فلم ’’12th فیل‘ ‘کے ہیرو وِکرانت ماسے کا انکشاف
ممبئی ۔ 20 فروری ۔بالی ووڈ اداکار وکرانت ماسے نے بتایا ہے کہ اُن کے بڑے بھائی ’’معین ‘‘نے 17 سال کی عمر میں اِسلام قبول کر لیا تھا۔یوٹیوب چیانل ’’اَن فلٹرڈ بائے سمدیش‘‘ کو اِنٹرویو کے دوران ایکٹر وکرانت نے اپنے بڑے بھائی معین سمیت اپنے خاندان کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’اُن کا بڑا بھائی مسلمان ہے، جبکہ ان کے والد عیسائی اور اُن کی والدہ سکھ ہیں۔‘’میرے بھائی کا نام ’’معین‘‘ ہے، جبکہ میرا نام ’’وکرانت‘‘ ہے۔ آپ حیران ہوں گے کہ یہ نام معین کیوں ہے؟ اُس نے اسلام قبول کر لیا تھا، میرے گھر والوں نے اُسے اپنا مذہب تبدیل کرنے کی آزادی دی۔ میرے گھر والوں نے اسے کہا کہ بیٹا اگر تمہیں اس میں سکون و اطمینان ملتا ہے تو آگے بڑھو۔‘بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’میرے بھائی نے 17 سال کی عمر میں مذہب تبدیل کیا تھا، وہ ایک بڑا اقدام تھا۔ میری ماں سکھ ہے، میرے والد چرچ جانے والے عیسائی ہیں، وہ ہفتے میں دو بار چرچ جاتے ہیں۔ چھوٹی عمر سے ہی میں نے مذہب اور روحانیت سے متعلق بہت سارے دلائل دیکھے ہیں۔‘’میرے والد سے رشتہ داروں نے سوال کیا کہ وہ اپنے بیٹے کو مذہب تبدیل کرنے کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ کسی کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہونا چاہئے۔‘میرے والد نے کہا کہ ’وہ میرا بیٹا ہے، وہ صرف میرے سامنے جوابدہ ہے اور اسے اپنی مرضی پر چلنے کا حق حاصل ہے۔‘وکرانت جولی ماسے اور مینا ماسے کے بیٹے ہیں، انہوں نے شیتل ٹھاکر کے ساتھ 2022 میں شادی کی۔وکرانت اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’12th فیل‘ ‘کی کامیابی کے بعد شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ آج ان کے گھر میں ایک ’منی ہندوستان‘ سانس لے رہا ہے جہاں ہر مذہب کا احترام کیا جاتا ہے۔