ماسکو : 18ستمبر ( ایجنسیز ) روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کی موت کے بارے میں اِن کی اہلیہ یولیا ناوالنایا نے نیا دعویٰ کردیا ہے۔ان کے مطابق ناوالنی کا ڈی این اے خفیہ طور پر دو مختلف ملکوں کی لیبارٹریز میں ٹیسٹنگ کے لیے بھجوایا گیا تھا اور دونوں ممالک کی لبارٹریز نے ایک ہی نتیجہ دیا تھا کہ ناوالنی کو زہر دیا گیا۔یولیا نے روسی حکام پر حقیقت چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے لیبارٹریز سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی رپورٹس کو عوام کے سامنے لائیں اور مزید کہا کہ اِن کے شوہر کو صدر پوٹن کو چیلنج کرنے کی سزا دی گئی اور اِنہیں قتل کیا گیا۔ کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 47 سالہ ناوالنی جیل میں چہل قدمی کے دوران قدرتی موت کا شکار ہوئے تھے لیکن یولیا کا اصرار ہے کہ اِن کے شوہر کو صدر پوٹن کو چیلنج کرنے کی سزا دی گئی اور اِنہیں قتل کیا گیا ہے۔