بحالی و تزئین نو کے کام جنوری میں شروع کرنے کی تجویز
حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر میں واقع تاریخی مارکٹ ، میر عالم منڈی جو غالبا حیدرآباد کی تمام مارکٹس میں قدیم ترین اور بڑی مارکٹ ہے جس کی تعمیر نظام دور حکومت کے دوران ہوئی تھی ۔ کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے کل ٹوئیٹر پر اعلان کیا کہ اس مارکٹ کے تزئین نو کے کام جنوری 2023 میں شروع کئے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت نے 16.14 کروڑ روپئے کے تخمینہ مصارف سے میر عالم منڈی کی حالت کو بہتر بنانے اور اس کی تزئین نو کرنے کے سلسلہ میں قدم اٹھایا ہے ۔ اروند کمار نے اتوار کو ٹوئیٹ کیا کہ ’ میر عالم منڈی کو 16.14 کروڑ روپئے کے مصارف سے ترقی دی جائے گی ۔ نظام دور کی اس مارکٹ کی دوبارہ تعمیر کی جائے گی اور اس کی اصل شان کو بحال کیا جائے گا ۔ جہاں زیر زمین ڈرینس اور ایل ای ڈی لائٹس ہوں گے ‘ ۔ پانچ ایکڑ پر پھیلی ہوئی اس مارکٹ میں 45 تا 50 وینڈرس ٹین شیڈس میں بیٹھ کر ان کا کاروبار کرتے ہیں اور 300 وینڈرس کھلی جگہ ان کا بزنس کررہے ہیں ۔۔