سری نگر: انجمن اوقاف جامع مسجد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کو آج مسلسل208ویں جمعہ کو بھی نماز جمعہ کی ادائیگی اور وعظ و تبلیغ سے روک دیا گیا ہے ۔انجمن نے کہا کہ آج صبح سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ میر واعظ کشمیر کو آج جامع مسجد آنے کی اجازت دی جا سکتی ہے ،کیونکہ کل ہی ایل جی منوج سنہا نے ایک نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے اپنا من بنا لیا ہے کہ وہ نماز جمعہ جا مع مسجد میں ادا کرسکتے ہیں۔ انجمن اوقاف نے کہا کہ اس خبر کے بعد عوام کی ایک بڑی تعداد نے انجمن سے یہ جاننے کے لیے رابطہ کیا کہ کیا آج میر واعظ جامع مسجد تشریف لائیں گے ۔ اس پر وضاحت حاصل کرنے کے لیے انجمن نے جب متعلقہ پولیس حکام سے یہ دریافت کیا کہ کیا ایل جی کے بیان کے تناظر میں کیا میرواعظ کو آج جامع مسجد جانے کی اجازت دی جائے گی تو متعلقہ عہدیداروں کا کہنا تھا کہ انہیں اعلیٰ حکام کی طرف سے اس معاملے پر کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے اس لئے وہ اس پر تبصرہ نہیں کر سکتے ہیں چنانچہ میرواعظ کی نظربندی کا سلسلہ بدستور برقرار ہے ۔