سری نگر: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے ہفتے کے روز کہاکہ میراعظ عمر فاروق نے یہ بات صحیح کہی ہے کہ وہ اور اس کی جماعت جموں وکشمیر میں بامقصد امن کے قیام کے لئے پر امن مذاکرات کے خواہاں رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کے سامنے ریاست جموں وکشمیر میں ایک بامقصد امن کے قیام کے لئے راستہ ہموار ہو گیا ہے ۔ یونین کو ریاست جموں وکشمیر میں امن و سکون کے قیام کے لئے بات چیت کو ترجیح دینی چاہئے ۔یہ کہنا کہ ریاست جموں وکشمیر میں سب کچھ ٹھیک ہے ، بالکل غلط اور دھوکے کی سیاست گری ہے ! سوز نے مزید کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کے حالات خراب تو تھے ہی، مگر آئین ہند کی دفعہ 370 کو یک طرفہ طور ختم کر کے مرکزی سرکار نے بہت بڑی غلطی کی ہے ! ان کے مطابق دفعہ 370 کو ختم کرنے کے بعد جموں وکشمیر کے لوگوں کے دلوں میں غم و غصہ ہے اور اس کیفیت کو ختم کرنے کے لئے مرکز کو جموںوکشمیر کی مین اسٹریم جماعتوں کے ساتھ باہمی گفتگو کا راستہ بلا تاخیر کھولنا چاہئے !۔