ڈُنیڈِن، 8 مارچ (یو این آئی) میلی کیر (34رنز دے کر سات وکٹ) کی تاریخی بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے اتوارکو ڈنیڈن کے یونیورسٹی اوول میدان میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میچ میں زمبابوے کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔ اسی کے ساتھ کیر نے جیکی لارڈ کا 44 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔کیر نے 34 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں اور زمبابوے کی پوری ٹیم کو محض102 رنز پر سمیٹ دیا جس سے جیکی لارڈ کا 44 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ لارڈ نے آئی سی سی ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ 1982 میں ہندوستان کے خلاف 6/10 کا ریکارڈ بنایا تھا جو اس سے قبل ونڈے میچوں میں نیوزی لینڈ کی کسی خاتون کھلاڑی کی بہترین بولنگ تھی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویب سائٹ کے مطابق خواتین کی ونڈے کرکٹ میں سات وکٹیں لینے کا یہ ساتواں موقع تھا۔ اس کارنامے کے ساتھ کیر پاکستان کی ساجدہ شاہ، انگلینڈ کی جو چیمبرلین، ویسٹ انڈیزکی انیسہ محمد اور آسٹریلیا کی تین کھلاڑیوں الانا کنگ، ایلس پیری اور شیلی نِٹسکے کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔ اس سے پہلے مولی پینفولڈ نے17 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جس سے زمبابوے کا ٹاپ آرڈر بکھرگیا اور مہمان ٹیم48 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر مشکلات میں گھِرگئی۔ اس کے بعد کیر نے ذمہ داری سنبھالی اور سی دھُروروکو بولڈ کر کے وکٹ لینے کا سلسلہ شروع کیا۔ انہوں نے موڈیسٹر موپاچیکوا، کرسٹابیل چیٹونجوا، ایڈیل زمونو، نیاشا گوانزورا، آڈرے ماجوشایا اور تندائی مکوشا کو جلدی جلدی آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کے موقف کو مستحکم کردیا۔ کیر نے بیٹ سے بھی اہم کردار ادا کیا۔ ہدف کے تعاقب میں انہوں نے سب سے زیادہ45 رنز بنائے جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے بآسانی آٹھ وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم نے تین میچوں کی ونڈے سیریز میں2-0 کی ناقابلِ تسخیر برتری حاصل کر لی۔